سرینگر - جموں قومی شاہراہ پچھلے چند دنوں سے بند ہونے اور کوروناوائرس کے پیش نظر جموں میں ہوٹل، ریسٹورنٹ بند ہونے کی وجہ سے جموں میں سینکڑوں کی تعداد میں درماندہ مسافرین کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جموں میں ضلع انتظامیہ نے احتیاطی طور ریسٹورنٹ اور ڈھابوں کو بند کرنے کے احکامات صادر کیے ہیں جس سے بیرون ریاستوں سے آئے ہوئے مسافرین کو بھوکا پیاسا رہنا پڑ رہا ہے۔
سرینگر - جموں قومی شاہراہ کو مکمل طور بحال نہیں کیا گیا ہے، صرف درماندہ مسافرین کو ہی کشمیر کی جانب چلنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ تاہم جموں میں درماندہ کشمیری مسافرین کی شکایت ہے کہ انہیں اب جموں میں بھوکا پیاسا ہی رہنا پڑ رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کی وجہ سے بیرون کشمیر تجارت و تعلیم کی غرض سے گئے طالب علموں اور تاجروں کو واپس کشمیر آنا پڑ رہا ہے۔ کیونکہ اکثر کالجوں اور یونیورسٹیوں نے درس و تدریس کا سلسلہ وقتی طور منقطع کر دیا ہے۔
درماندہ کشمیری مسافرین کی شکایت ہے کہ کورواناوائرس کے باعث جموں کی ضلع انتظامیہ نے ہوٹل، ریسٹورینٹ، اور سڑک کے کنارے چاے وغیرہ بیچنے والے خوانچہ فروشوں کو بند کرنے کا حکم صادر کیا ہے جس سے جموں میں درماندہ مسافرین بھوک سے بے حال ہیں۔
جنوبی کشمیر کے ضلع کو لگام سے تعلق رکھنے والے ایک مسافر نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کہ ’’میں پنجاب سے دو دن پہلے جموں پہنچا ہوں لیکن یہاں ہوٹل ریسٹورینٹ بند ہیں تاہم صحت افزا مقامات کھلے ہیں۔‘‘
انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سرکار نے ہوٹل بند کرکے غریب عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے کیونکہ کھانا کھانے کے لئے جموں میں اس وقت کوئی بھی ہوٹل یا ریسٹورٹ کھلا نہیں ہے۔‘‘
جموں میں درماندہ مسافرین نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شاہراہ کو جلد از قابل استعمال بنا کر درماندہ مسافرین کو بھوکا پیاسا رہنے سے بچایا جائے۔