جموں و کشمیر میں تعمیری و ترقی کے سرکاری دعوے یکے بعد دیگر کھوکھلے ثابت ہو رہے ہیں۔ شہرِ خاص جموں کے علاقہ سدھرا اسرار آباد کے مکین ڈیجیٹل دور میں بھی خوف و ہراس کی زندگی بسر کر رہے ہیں ـ
سدھرا کے مکینوں کا کہنا ہے کہ 'ہم برسوں سے حکومت و مقامی نمائندوں سے مانگ کر رہے ہیں کہ سدھرا کے اسرار آباد میں ایک بڑے نالے کی تعمیر کی جائے تاکہ بارشوں کے دوران پیدا شدہ خطرات سے ہمیں نجات مل سکے لیکن حکومتیں آتی جاتی رہیں مگر اس نالے کی تعمیر ممکن نہ ہو سکی جس وجہ سے آئے روز اسرار آباد کے مکینوں کے لئے یہ نالہ موت کا کنواں بنتا جا رہا ہےـ
مقامی آبادی کا کہنا تھا کہ 'ہمیں افسوس ہے کہ دار الحکومت جموں کے بالکل قریب ہونے کے باوجود ہم حکومت و انتظامیہ کی عدم توجہی کا شکار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا پھر ان لوگوں کی زندگی کس طرح بسر ہو رہی ہوگی جو جموں سے دور رہتے ہیں؟
مقامی آبادی کا مزید کہنا تھا کہ سیاست دانوں نے انتخابی موسم کے دوران "نالے" پر اپنی سیاسی بھٹی تو گرمائی لیکن انتخابی موسم گزر جانے کے فوراً بعد تمام سیاسی نمائندے غائب ہوگئے اور عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیاـ
مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اسرار آباد کے اس نالے کی تعمیر کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ لوگوں کو راحت ملے۔