لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں موجودہ انتظامیہ نے جموں و کشمیر کے دیہی منظرنامے میں کثیرالجہتی ترقی لانے کے لئے پی آر آئی کو بااختیار بنانے کے اقدامات شروع کردئے ہیں۔ وہ کٹھوعہ کے بسوہلی میں پی آر آئی کے منتخب نمائندوں کے ساتھ بات چیت کر رہے تھے۔
مشیر نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کونسل، بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اور پنچایت کے منتخب اراکین کا دیہی اثاثے بنانے کی منصوبہ بندی میں بہت بڑا کردار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیہی علاقوں کے ترقیاتی اہداف کی تکمیل کے لئے تھری ٹیر سسٹم رکھا گیا ہے۔
انہوں نے واٹر اسپورٹس سینٹر اور ٹورسٹ ریسیپشن سینٹر کے لئے جگہ کا معائنہ بھی معائنہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مارکیٹنگ کے بہتر مواقع فراہم کر کے مقامی کاریگروں کی حوصلہ افزائی کے لئے بسوہلی پینٹنگز اور مقامی پشیمینا کے فن کو بڑے پلیٹ فارم پر لانے میں سنجیدہ ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر سیاحت نسیم جاوید چودھری کو ہدایت کی کہ وہ بسوہلی میں سیاحوں کی اہمیت کے اہم مقامات کو ملانے والے سرکلر روڈ کو تیار کرنے کے منصوبے پر عمل کریں۔
مشیر نے کہا کہ یہ علاقہ ایک بڑا سیاحتی مقام بننے کی صلاحیت رکھتا ہے اور رنجیت ساگر ڈیم اور اٹل سیتو پل کے ساتھ پارکوں اور راستوں جیسی سہولیات کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔