وادی کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ میں بدھ کو عسکریت پسندوں نے سی آر پی ایف قافلے پر حملہ کیا تھا جس میں پانچ سی آر پی ایف کے اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے جموں میں احتجاج کرکے پاکستان کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور پاکستان کا قومی پرچم نذر آتش کیا۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈوگرہ فرنٹ کے اشوک گپتا نے اننت ناگ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ پاکستان کے اشاروں پر کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ایک جانب پاکستانی وزیر اعظم دوستی کا پیغام بھیج رہے ہیں اور دوسری جانب ایسے حملہ کروا رہے ہیں۔‘‘
گپتا کا کہنا تھا کہ اب بات چیت کا سلسلہ بند کرکے سیدھے کارروائی کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے حملے نہ ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ فروری میں پلوامہ حملے کے بعد یہ سب سے بڑا حملہ تصور کیا جا رہا ہے۔