منڈی: ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کی پنچایت دھڑہ کے علاقہ موربن کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس حوالے سے محمد سلیم، شبیر احمد و دیگران نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈھوٹا تا موربن چھ کلو میٹر سڑک گذشتہ کئی عرصہ سے خستہ حالت میں ہے جس کی وجہ سے دھڑہ، ڈھوٹا، تھپلہ، ڈنہ، موربن کے لوگ کئی مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ پنچایت ڈھڑہ دو ہزار سے زائد آبادی پر مشتمل ہے اور گذشتہ ستر برسوں سے اس علاقہ کے لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے تھے کہ اس دوردراز علاقے میں سڑک لائی جائے گی، جس سے علاقہ کے لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ ہوگا۔
اس سڑک کا کام شروع ہوتے ہی لوگ خوش تھے کہ اب لوگ سڑک کی سہولت سے مستعفید ہونگے۔ لیکن سڑک کی اتنی خستہ حالت ہے کہ اس پر گاڑی تو کیا لوگوں کا پیدل چلنا بھی دشوار ہوچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنچایت سے بہت جدوجہد کرنے کے بعد ڈھوٹا تا موربن سڑک نکالی گئی ہے۔ جس کے لیے لوگوں نے اپنی زمینیں بھی وقف کردی۔شدید بارش کے دوران سڑک پر جگہ جگہ سے زمین کھسک رہی ہے، جس کے سبب مزید لوگوں کی زمینوں کا نقصان ہورہا ہے۔ جس کی بڑی وجہ یہی ہے کہ سڑک بنانے میں اچھا سامان استعمالنہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: Cherry Crops in Kashmir گاندربل میں لگاتار بارشوں کی وجہ سے چیری کی فصلوں کو شدید نقصان
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ستر سالوں سے اس دوردراز علاقہ کو نظرانداز کیا جارہا ہے جو کہ اس علاقہ کی عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ یو ٹی جموں و ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ڈھوٹا تا موربن سڑک کا جلد سے جلد کام شروع کیا جائے اور اس سڑک کی خستہ حالت کو بہتر کیا جائے تاکہ اس دوردراز علاقہ کے لوگوں کو سڑک کی سہولت میسر ہوسکے اور انہیں مزید مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ لوگوں نے کہا کہ اگر اس سڑک کا کام جلد شروع نہیں کیا گیا تو آئندہ انتظامیہ کے خلاف بڑے پیمانے پر مقامی لوگوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔