جموں: جموں میں نیشنل پینتھرس پارٹی (جے کے این پی پی) کے بانی بھیم سنگھ کی اہلیہ اور سپریم کورٹ کی وکیل جے مالا کا انتقال ہو گیا۔ وہ 64 برس کی تھیں۔ دراصل منگل کے روز وہ گھر کی سیڑھیوں سے گر گئی تھیں۔ ان کے سر میں شدید چوٹ آئی تھی۔ جس کے بعد انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں۔ ان کا انتقال گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں ہوا۔
وہیں جے مالا کے انتقال کے بعد ان کے قریبی رشتہ داروں نے خاص کر سابق وزیر ہرس دیو سنگھ نے ان کا پوسٹ مارٹم کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر تنازعہ کھڑا ہو گیا تاہم آج لندن میں رہائش پذیر جے مالا کے بیٹے انکت لوئو نے جموں ضلع ترقیاتی کمشنر کو خط لکھا ہے کہ ان کی ماں کی لاش کو ہسپتال کے مورچری وارڈ میں رکھا جائے اور پوسٹ مارٹم کے لئے سابق وزیر ہرس دیو سنگھ کے درخواست کو تسلیم کیا جائے۔ وہ لندن سے جموں آ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Bhim Singh Passed Away: جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے سربراہ بھیم سنگھ کا انتقال
بتادیں کہ جے مالا کے شوہر جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی کے چیف پروفیسر بھیم سنگھ کا انتقال 2022 میں اپنی رہائش گاہ پر طویل علالت کے بعد 81 برس کی عمر میں ہوا تھا۔ جے کے این پی پی کے بانی پروفیسر سنگھ ایک ممتاز وکیل، سماجی کارکن اور مصنف تھے۔ وہ جموں خطہ کی پہلی کامیاب علاقائی سیاسی جماعت بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔