جموں: فوج کی شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی۔معلوم ہوا ہے کہ فوجی کمانڈر نے پونچھ اور راجوری میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا او روہاں پر فوج کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔بتادیں کہ پونچھ کے بھاٹہ دوڑیاں جنگلی علاقے میں فوجی گاڑی پر حملے کے بعد راجوری اور پونچھ کے سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ شمالی کمان کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے بدھ کے روز پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں کٹھن ترین موسمی حالات میں فوجی جوانوں کی بے لوث خدمات اور حوصلے کی سراہنا کی۔ سرحد پر تعینات اہلکاروں سے بات چیت کے دوران شمالی کمان کے کمانڈر نے کہاکہ سخت ترین موسمی صورتحال اور دیگر چیلنجوں کے باوجود فوجی جوان اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فوج کی کوششوں کے نتیجے میں ہی لائن آف کنٹرول پر اس وقت امن و امان قائم ہے۔فوجی کمانڈر نے سرحد پر تعینات جوانوں کو بتایا کہ امن دشن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سرحد پر مزید چوکسی برتنے کی ضرورت ہے۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی کو فوج کے سینئر آفیسران نے سرحدوں کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی ۔
فوجی کمانڈر کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ موصوف فوجی کمانڈر نے پونچھ اور راجوری کے دورے کے دوران فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ گفت وشنید کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم دراندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر ا دویدی نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔
فوجی کمانڈر کو اس موقع پر پونچھ اور راجوری کے جنگلی علاقوں میں سرگر ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فوج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔واضح رہے کہ پونچھ کے بھاٹہ دوڑیاں جنگلی علاقے میں فوجی گاڑی پر حملے کے بعد راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں ساتویں روز بھی تلاشی آپریشن جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ فوجی کمانڈر کو پونچھ کے جنگلی علاقوں میں جاری آپریشن کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔معلوم ہوا ہے کہ شمالی کمان کے سربراہ نے آفیسران کو ہدایت دی کہ ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: BSF IG Visit LoC بی ایس ایف کے آئی جی نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا
یو این آئی