جموں وکشمیر میں پیشہ ورانہ تعلیمی ماحول کو مضبوط بنانے کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سمگرا شکشا، جموں و کشمیر کے تیار کردہ 607 ووکیشنل لیبز، پیشہ ورانہ تعلیم کے پورٹل اور جی آئی ایس پورٹل کا ای افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر میں نئی تعلیمی پالیسی کی اہم خصوصیات کا آغاز کیا گیا ہے جو نوجوانوں کے لئے ملازمت فراہم کرنے والی تعلیم کی ایک مضبوط بنیاد بنائے گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا "جدید دور کے ہنر سے طے شدہ تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اسکولوں اور صنعت کے مابین فاصلوں کو ختم کرکے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے مقصد کے لئے جامع اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔"
لیفٹیننٹ گورنر نے صنعت سے وابستہ تعلقات کو یقینی بنانے کے لئے اسکولوں کے تعلیمی نصاب میں مہارت کے نئے سیٹ، جدید سرگرمیاں اور پیشہ ورانہ تربیت شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
پیشہ ورانہ تعلیم کے کلیدی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ووکیشنل ایجوکیشن کا مقصد اسکول کی تعلیم کے پورے ماحولیاتی نظام کی بحالی کرنا ہے۔
جموں وکشمیر میں ووکیشنل ایجوکیشن کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے سکریٹری اسکول ایجوکیشن بی کے سنگھ نے بتایا کہ 715 سرکاری اسکولوں میں ووکیشنل ایجوکیشن متعارف کرایا گیا ہے جس کے کل اندراج 44،000 ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں درس و تدریس کے عمل کی روایت اعلی معیار کی ہے اور کوویڈ دور میں بھی طلباء اور اساتذہ کی ایک بڑی تعداد نے آن لائن موڈ اور کمیونٹی کلاسوں کے ذریعے اپنی تعلیم جاری رکھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسکولوں میں انرولمنٹ بڑھانے کے لئے مارچ 2021 سے خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔