جموں: چاڈورہ میں جمعرات کو کشمیر پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے ایک سرکاری ملازم کو اس کے دفتر کے اندر قتل کر دینے کے واقعہ کی راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی کی خاتون ونگ کی صدر انیتا چاندپوری نے مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں بڈگام میں عسکریت پسندوں کے ذریعہ راہل بھٹ کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ اس گھنانے دہشت گردانہ حملے کے پیچھے جو لوگ ہیں، انہیں سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لوک جن شکتی پارٹی غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ اسی لیے ہم راہل بھٹ کے قتل کی واضح الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:
PDP on Kashmiri Pandit’s Killing: 'کشمیری پنڈتوں کی ہلاکت حکومت کی ناکامی'
واضح رہے کہ جموں کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہی کشمیری پنڈت جمع ہوئے اور انہوں نے نعرے بازی کی۔ انہوں نے کافی دیر تک ہلاکت کے خلاف احتجاج کیا اور کشمیری پنڈتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف بھی نعرے بازے بھی کی۔ وہیں جموں و کشمیر انتظامیہ نے کشمیری پنڈت راہل بھٹ کی ہلاکت میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی خاطر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے۔ انتظامیہ نے چاڈورہ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو اٹیچ کرنے کے بھی احکامات صادر کیے، اس کے علاوہ راہل کی اہلیہ کو نوکری اور ان کی بچی کو تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔