جموں (جموں و کشمیر) : صوبہ جموں کے سرحدی اضلاع - راجوری اور پونچھ - میں عسکریت پسندوں کے حالیہ حملوں اور جی 20 کے دوران فدائین حملے کے خدشے کے پیش نظر، سرحدی علاقہ اکھنور میں اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ سرحدی علاقے کی طرف آنے جانے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ رات کے دوران ڈرون کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں علاقے کے چار آرمی اسکولوں کو 25 مئی تک بند رکھنے کے احکامات پہلے ہی صادر کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سرحدی ضلع راجوری میں گزشتہ ہفتہ، عسکری کارروائی کے دوران، فوجی جوانوں کی ہلاکت کے بعد سیکورٹی ایجنسیز کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ علاقے میں عسکریت پسند اپنی موجودگی کا احساس دلانے اور جی 20سمیٹ کو سبوتاژ کرنے کے لیے ممکنہ طور فدائین حملہ انجام دے سکتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں سیکورٹی کا نظام سخت کر دیا گیا ہے۔ جگہ جگہ خاص کر اکھنور سیکٹر کی جانب سے جانے والے راستوں پر اضافی سیکورٹی دستے تعینات کیے گئے ہیں، مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
جموں کے چھمب، کیری اور پرگوال سیکٹروں میں بھی اضافی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ ادھر، راجوری اور پونچھ میں عسکریت پسندوں کے حملوں اور وادی میں جی 20 کانفرنس کے پیش نظر اکھنور علاقے میں آرمی اسکول مٹھی مائرہ، اکھنور آرمی اسکول، کے وی اکھنور ون اور ٹو کو 25 مئی تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ طلباء اگلے احکامات تک آن لائن تعلیم حاصل کریں گے جبکہ سکولوں میں عملے کی آمد و رفت معمول کے مطابق رہے گی۔
مزید پڑھیں: Jammu Security High Alert جموں میں سکیورٹی ہائی الرٹ، آرمی اسکول کو چھٹی
دوسری جانب سرحد پر سیکورٹی نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے، سرحد پر آنے والے لوگوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ ڈرون کے ذریعے بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ راجوری اور کھوڑ سمیت دیگر راستوں پر ناکے قائم کرکے گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔