جموں یونیورسٹی کے طلبا یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف لگاتار احتجاج کر رہے ہیں۔ بدھ کو احتجاجی طلبا نے احتجاج کے دوران امتحان آن لائن طرز پر ہی منعقد کیے جانے کی مانگ کی۔
احتجاجی طلبا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون کے پیش نظر کلاسز بھی آن لائن ہی منعقد ہوئی اس لئے امتحان بھی آن لائن ہی لیے جائیں۔
صوبہ جموں کے مختلف کالجز سے آئے ہوئے طلبا نے جموں میں احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج کر رہے طلبا نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ 'دیگر یونیورسٹیز کی طرح جموں یونیورسٹی کو بھی طلبا کا آن لائن امتحان ہی منعقد کرنا چاہئے۔'
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تیز رفتار انٹرنیٹ 4G پر مسلسل پابندی عائد ہونے کے سبب طلبا کی آن لائن درس و تدریس بھی متاثر رہی۔
طلبا نے مزید کہا کہ جموں یونیورسٹی انتظامیہ امتحانات آف لائن منعقد کرانا چاہتی ہے جس کے لیے طلبا تیار نہیں ہیں۔