جے ایم سی نے پرانے شہر کے مصروف ترین 'سٹی چوک' چوراہے کے بیچوں بیچ ایک بورڈ نصب کیا ہے جس پر 'بھارت ماتا چوک' لکھا ہے۔ یہ بورڈ ایک ایسے وقت میں نصب کیا گیا ہے جب ملک میں 'بھارت ماتا کی جے' کے نعرے کی پکار کو ملک کے تئیں محبت کا پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔
جموں کے پرانے شہر میں جہاں یہ بورڈ نصب کیا گیا ہے وہاں مشہور رگھوناتھ مندر اور بعض تجارتی مراکز جیسے شالیمار روڈ، سوپر بازار اور کنک منڈی نزدیک میں واقع ہے۔
ادھر تحصیل روڈ 'سرکیولر چوک' کا بھی نام تبدیل کرکے اٹل جی چوک رکھ دیا گیا ہے۔
سٹی چوک چوراہے کی طرح اس مقام کے بیچوں بیچ ایک بورڈ نصب کیا گیا ہے جس پر 'اٹل جی چوک' لکھا ہے۔
گزشتہ برس 5 اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے ریاست کو مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں منقسم کیا گیا تھا۔
مرکزی حکومت کی جانب سے لیے گئے اس فیصلے کے بعد یہ پہلے ایسے مقامات ہیں جن کا نام بدل دیا گیا ہے۔
اس سے قبل گزشتہ برس وادی کشمیر میں ریڈیو کشمیر کا نام تبدیل کر کے آل انڈیا ریڈیو کیا گیا ہے۔