جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئرمین ہرش دیو سنگھ نے جموں میں پیر کے روز میڈیا کو بتایا کہ بی جے پی سرکار جموں میں جگہ جگہ ٹول پلازے قائم کر کے لوگوں کو لوٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت لوگوں کو ٹیکسوں کے شکنجے میں کس رہی ہے۔
انہوں نے کہا: ’’بی جے پی سرکار ٹول پلازے بند کرنے کی بجائے ان کے ریٹس بڑھا رہی ہے۔ لکھن پور میں ٹول پلازہ چلایا جارہا ہے جو اس سرکار کی جموں کے لوگوں کی سب سے بڑی لوٹ ہے اور ان کی جیبوں پر ڈاکہ ہے۔‘‘
ہرش دیو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’لوگوں پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں اور پھر ٹول پلازے بھی سرور، لکھن پور، ناشری میں برابر قائم ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اکھنور میں بھی ٹول پلازہ قائم کیا جائے گا۔‘‘
ہرش دیو نے مزید کہا کہ یہ سرکار کی طرف سے لوگوں کی ایک منظم لوٹ ہے۔ جو پارٹی کل تک جموں کے لوگوں کو انصاف دلانے کی باتیں کر رہی تھی آج لوگ اس سے مایوس ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹول پلازوں کو اگر جلدی بند نہیں کیا گیا تو لوگوں کا غصہ انتہا کو پہنچ جائے گا جس کا خمیازہ بی جے پی کو بھگتنا پڑے گا۔