جموں و کشمیر اولمپک ایسوسی ایشن کے وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، سرگرمیوں اور کھیلوں کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایسوسی ایشن کی سربراہی اس کے صدر آشوتوش شرما کر رہے تھے اور اس میں نائب صدور کیپٹن مورتی گپتا، کلدیپ سنگھ جموال، کرن وٹل، سیکرٹری جنرل دشیانت شرما، خزانچی بی ایس تیرتھی، صدر سائیکلنگ ایسوسی ایشن رویندر سنگھ کے علاوہ سیکرٹری اسپورٹس کونسل نسیم جاوید چودھری بھی موجود تھے۔
وفد نے مشیر کو کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق امور، مختلف کھیلوں میں کوچوں کی کمی، اسپورٹس کونسل کے قیام اور جموں و کشمیر اولمپک ایسوسی ایشن سے وابستہ مختلف اسپورٹس کونسلوں کو مالی امداد کی فراہمی سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔
مشیر نے وفد کے ذریعہ اٹھائے جانے والے معاملات کو غور سے سنا اور زور دیا کہ یونین ٹیریٹری انتظامیہ کھلاڑیوں کو کھیلوں کی بہتر سہولیات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔