انڈین نیشنل کانگریس میں اندرون خانہ اختلافات کی خبریں گردش کرنے کے ساتھ ہی کانگریس اب دو خانوں میں تقسیم ہوتی نظر آرہی ہے، جہاں ایک طرف غلام نبی آزاد کے خلاف یوتھ کانگریس کے رہنما شاہنواز چودھری مخالفت میں پیش پیش ہیں تو وہیں دوسری جانب دیگر کانگریس کارکنان غلام نبی آزاد کی کھل کر حمایت بھی کر رہے ہیں۔
کانگریس میں اندرونی بحران سامنے آنے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں نے بھی کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا، اس تعلق سے یوتھ کانگریس کے سکریٹری شاہنواز چودھری نے ای ٹی وی بھارت نے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے غلام نبی آزاد کو ہمیشہ عزت بخشی لیکن آج جب پارٹی کو ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے تو وہ جموں وکشمیر میں پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’بدقسمتی کی بات ہے کہ غلام نبی آزاد کو کانگریس میں کام کرنے سے ہی تجربہ حاصل ہوا اور آج ضرورت تھی کہ وہ اپنے تجربے کو پارٹی کی بہتری کے لیے استعمال کرتے، لیکن وہ اس کے برعکس بی جے پی کے ساتھ دوستی کر رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی ہی ہمارے رہنما اور قائد ہیں، ان کے خلاف ہم کوئی بھی بات برداشت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ غلام نبی آزاد نے اتوار کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کی تھی اور کہا کہ وزیر اعظم کے عہدے پر ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی جڑوں کو یاد رکھا ہے اور خود کو فخر سے 'چائے والا' کہتے ہیں، لوگوں کو نریندر مودی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔