جموں: ایئر فورس اسٹیشن جموں میں پہلا انڈین ایئر فورس شو (IAF) شو جمعہ کو منعقد ہوا جس میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوئے، اس کے مقامی شہریوں کی خاصی تعداد نے بھی شرکت کی۔ محکمہ سیاحت کے اشتراک سے ائیر فورس کی جانب سے پہلی مرتبہ ائیر شو کا اہتمام کیا گیا تھا۔ شو کا اہتمام جموں و کشمیر کے یونین آف انڈیا کے ساتھ الحاق کے 76 سال اور جموں ایئر فورس اسٹیشن کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر کیا گیا تھا۔
ائیر شو میں ’’سوریہ کرن ایروبیٹک ٹیم‘‘ نے ہاک ایم کے 132 طیارے کے شو کے ذریعے بھارتیہ فضائیہ کی صلاحیت کا کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ ایئر واریئر ڈرل ٹیم نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کی نمائش کے ساتھ گلیکسی ڈیئر ڈیول اسکائی ڈائیونگ ٹیم نے اسکائی اسٹنٹ کے بھی جوہر دکھائے۔ ایئر شو میں بھارتی فضائیہ کے ایئر واریر سمفنی آرکسٹرا کو بھی پرفارم کرنا تھا تاہم خراب موسم کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہو سکا۔ جموں کے اطراف و اکناب سے لوگوں کی بڑی تعداد شو دیکھنے حاضر ہوئی تھی۔
سوریہ کرن ایروبیٹک ٹیم کے ونگ کمانڈر سدھیش کارتک نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے مخاطب ہوکر وہاں پر موجود افسران اور مقامی شہریوں کو شو کے بارے میں جانکاری دی۔ 25 منٹ طویل شو کے پہلے جز میں 9 طیاروں کی مدد سے مختلف فارمیشن بنائے گئے اور جنگی نظام کا مظاہرہ کیا گیا۔ ٹیم نے ڈائمنڈ، میجر، تیجس اور وائی فارمیشن کے ذریعے پروازوں کا مظاہرہ کیا۔ شو کے دوسرے جز میں، ایروبیٹک ٹیم نے چھوٹے یونٹوں میں تقسیم ہوکر جموں شہر کے قریب مزید دلچسپ کرتب دکھائے۔ شو کے ذریعے یہ دکھانے کی کوشش کی گئی کہ جدید لڑاکا طیارہ کس طرح آسمان میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: Indian Airforce airshow: جموں میں 22 ستمبر کو فضایہ کا ائر شو
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 15 ستمبر کو آئی اے ایف کے 9 ہاک پائلٹوں نے راجستھان کے جے پور میں اسٹنٹ کا مظاہرہ کیا تھا۔ سوریہ کرن ایروبیٹک ٹیم نے تقریباً ایک گھنٹے تک ایئر شو کا مظاہرہ کیا۔ یاد رہے کہ سوریہ کرن ٹیم کا قیام 1996 میں عمل میں آیا تھا۔ سوریا کرن فضائیہ کے 52ویں سکواڈرن کا حصہ ہے۔ یہ ایسوسی ایشن ہندوستانی فضائیہ کی سرکاری ایروبیٹکس ایسوسی ایشن ہے۔ ہوا بازوں کے علاوہ، ٹیم فلائٹ کمانڈرز، ایڈمنسٹریٹرز اور کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹرز پر مشتمل ہے۔
مقامی شہریوں نے بھارتیہ فضائیہ سمیت دیگر منتظمین کی جانب سے عوامی داخلے کی اجازت کی سراہنا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے مزید پروگرامز کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔