جموں میں انتظامیہ کی جانب سے ایمرجنسی میں کووڈ مریضوں کے لیے 500 بستروں والے ڈی آر ڈی او ہسپتال کا کام مسلسل جاری ہے۔ جموں کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں آئی سی یو مشینوں اور آکسیجن کی قلت کے دوران ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے جموں شہر کے بگواتی نگر علاقہ میں ایمرجنسی ہسپتال کی تعمیر کا عمل کچھ دن قبل شروع کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ ہسپتال ڈی آر ڈی او کی جانب سے سرکاری اراضی پر شروع کردہ تعمیر کو جلد مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایک سرکاری حکام کے مطابق رواں ماہ کے اختتام تک کووڈ ہسپتال کو حکام کے حوالے کر دیا جائے گا۔
غور طلب ہے کہ دیگر ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی کووڈ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے جبکہ حالیہ کچھ دنوں سے جموں صوبہ میں ہلاکتوں کی شرح میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق مذکورہ ہسپتال میں ڈاکٹروں و پیر میڈیکل سٹاف ممبران کے لئے بھی خصوصی جگہ کا تعین کیا گیا ہے جبکہ اس دوران مریضوں کے لیے آکسیجن کا خصوصی بندوبست رہے گا۔