سیول سیکریٹریٹ جموں میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو نے کہا کہ ایمبولنس خدمات (102 اور 108) کی بدولت جموں کشمیر کے لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے اور بروقت طبی نگہداشت فراہم کرنے میں مدد حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے ایمبولینس خدمات (108) کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایمبولینس خدمات (102) کی کارکردگی میں بھی بہتری لائی جائے تا کہ جے ایس ایس کے تحت مستحقین ان سہولیات سے مستفید ہوں۔
انہوں نے چیف میڈیکل افسران اور ایس ایچ ٹی اوز کو ہدایت دی کہ وہ 102 کے تحت موصول شدہ ٹیلی فون کالز کی طرف خصوصی توجہ دیتے ہوئے ضرورتمندوں تک رسائی کو یقینی بنائیں۔
میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ حاملہ خواتین اور ایک سال کی عمر کے بچوں کیلئے 300ایمبولینس کی خدمات میسر رکھی گئیں ہیں جنہیں ٹول فری نمبر 102 پر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
فائنانشل کمشنر کو مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم نے بتایا کہ حکومت 108 اضافی ایمبولینس کی حصولیابی کی تجویز رکھتی ہے۔ میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ خدمات یونین ٹیریٹری میں بی وی جی انڈیا لمٹیڈ کے اشتراک سے شروع کی گئی ہیں اور حکومت کے پاس 116 لائف سپورٹ ایمبولینس موجود ہیں اس کے علاوہ 66 بیسک لائف سپورٹ ایمبو لینس بھی ٹول فری نمبر 108 کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہیں۔