جموں: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کی جانب سے آج شیر کشمیر بھون جموں میں گاندھی جینتی کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں آنجہانی موہن داس کرم چند گاندھی کو 154 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔تقریب کی صدارت صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کی، جس میں معاون جنرل سکریٹری اجے سدھوترا، صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، اعجاز جان، چودھری سریندر، ستونت کور ڈوگرہ، بابو رام پال، شیخ بشیر احمد، سردار ہربن سنگھ اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی جی کی اَن تھک کوششوں اور قربانیوں کی بدولت ہی ہندوستان انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا۔انہوں نے کہا کہ آنجہانی گاندھی جی ہمیشہ عدم تشدد کے حامی رہے اور تشدد کیخلاف رہے۔ انہوں نے ذات پات، اونچ نیچ کیخلاف تحریک شروع کی اور ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بالادستی کے وکیل رہے۔
مزید پڑھیں: Gandhi Jayanti 2023 مہاتما گاندھی ہندوستان کی تحریک آزادی کی علامت Gandhi jayanti 2023 وزیراعظم مودی سمیت کئی رہنماؤں کا بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت |
انہوں نے کہا کہ گاندھی جی کے مشن کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ملک میں فرقہ پرستی کے بڑھتے ہوئے رجحان سے اقلیتوں اور پسماندہ طبقوں سے تعلق رکھنے والی آبادی عدم تحفظ کا شکار ہوگئی ہے جو ملک کی آزادی اور سالمیت کیلئے باعث تشویش ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ملک کے بٹوارے کے وقت جب چہار سو خون کی ندیاں بہائی جارہی تھیں گاندھی جی کو اُس وقت بھی کشمیر میں بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کی کرن نظر آئی۔ اس موقعے پر سابق وزیر اعظم ہند آنجہانی لال بہادر شاتری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
(یو این آئی )