وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج جموں میں ایمس عمارت کا بھومی پوجن کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ 'جموں و کشمیر ملک میں واحد مرکز کے زیر انتظام علاقہ ہے، جہاں 2 ایمس کے لیے منظوری دی گئی ہے، جن میں ایک جموں اور ایک کشمیر میں ہے۔'
انہوں نے شمال مشرقی ریاستوں کی کامیابی اور ترقی کی داستان کی طرز پر جموں و کشمیر کے مرکز کے زیرانتظام علاقے میں ترقی پر توجہ دینے کے لئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ 2ایمس کےعلاوہ جموں اور کشمیر میں 9 میڈیکل کالجوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ووٹو بینک کی پالیسیوں سے ہٹ کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی حکومت کے نئے ورک کلچر سے عوام کو زبردست فائدہ ہوا ہے۔
مرکزی حکومت نے جنوری 2019 میں پردھان منتری سواستھ سرکشا یوجنا کے تحت جموں کے وجے پور ضلع سانبا میں ایمس کے قیام کی تجویز کو منظوری دے دی تھی۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے پچھلے سال 3 فروری کو جموں میں ایمس کا سنگ بنیاد رکھاتھا، جسے 1661کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ سی پی ڈبلیو ڈی اس پروجیکٹ پر کام کر رہا ہے۔ اندازہ ہےکہ یہ اگست 2022 تک یعنی 30مہینوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ 22315 مربع میٹر کےرقبے میں تیار کئے جانے والے اس اسپتال کے مکمل ہوجانے کی صورت میں ایمس جموں 750بستروالا اسپتال ہوگا، جس میں مخصوص اور اہم ڈپارٹمنٹس ہوں گے۔
اس کے علاوہ اس میں ایک میڈیکل کالج اور ایک نرسنگ کالج بھی ہوگا اور ایمس کی عمارت پوری طرح سےآلودگی سے پاک ہوگی، جس میں جدید آلات اور ٹیکنالوجی کو خاص اہمیت حاصل ہوگی۔