جموں و کشمیر کی سرمائی دار الحکومت جموں میں آج یعنی سوموار کو دربار مؤ کے دفاتر کھل گئے۔ خیال رہے کہ سرینگر میں دفاتر 30 اکتوبر کو بند ہوگئے تھے اور پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا کہ دفاتر 9 نومبر کو جموں میں دوبارہ کھل جائے گے۔
ادھر جموں میں سیکیورٹی کے کڑے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں جموں زون کے انسپکٹر جنرل پولیس مکیش سنگھ نے جمعرات کی شام ایک میٹنگ میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی صدارت کی اور اپنے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سرحدی علاقوں سمیت پورے جموں ضلع میں سیکورٹی کے وسیع تر اقدامات کو یقینی بنائے۔
سنگھ نے افسروں سے سول سیکرٹریٹ اور اس کے آس پاس اور شہر کے مختلف علاقوں اور دیگر اہم علاقوں میں بھی مناسب سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے کہا۔
آئی جی پی نے افسران کو مختلف چیلنجوں کے بارے میں ہدایت دی۔
ادھر پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے پار ملک دشمن عناصر اور ان کے سرپرستوں کے کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے پولیس تیار ہے۔
ادھر دربار مؤ کے سلسلے میں جموں شہر کی متعدد سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے رنگ و روغن بھی لگایا گیا ہے۔