جموں: جموں وکشمیر کی سرمائی دارالحکومت جموں میں کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور توے پل کے نزدیک دھرنا دیا۔ اس موقع پر پی سی سی چیف نے کہاکہ 'اگنی پتھ اسکیم ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک بہت بڑا دھوکہ ہے۔ کانگریس جموں وکشمیر یونٹ کے صدر غلام احمد میر کی سربراہی میں یہ احتجاج کیا گیا۔ Congress Workers Protest Against Agneepath Scheme
ہاتھوں میں پلے کارڈ لیے کانگریس کارکنان نے مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ کانگریس جموں وکشمیر یونٹ کے صدر غلام احمد میر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ 'اس اسکیم کو فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ یہ ملک کی سیکورٹی کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہے۔'
انہوں نے کہاکہ 'مرکزی حکومت ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ کانگریس نے اس اسکیم کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔ میر نے کہاکہ 'اگنی پتھ اسکیم کو لاگو کرنے سے قبل اس کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جانا چاہئے تھا تاکہ سبھی ممبران کی آراء حاصل کرنے کے بعد ہی اس پر کوئی فیصلہ لیا جائے۔'
یہ بھی پڑھیں: PDP Activists Protest Against Agnipath: اگنی پتھ اسکیم کے خلاف پی ڈی پی کارکنان کا احتجاج
انہوں نے کہاکہ 'مرکزی حکومت نے یہ اسکیم ملک کے نوجوانوں پر تھوپی ہے جس کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے ہیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ یہ اسکیم ملک کے نوجوانوں کو قبول نہیں لہذا کانگریس اُس وقت تک احتجاج جاری رکھے گی جب تک نہ اس اسکیم کو واپس نہیں لیا جائے گا۔'