جموں: کانگریس کے نئے صدر کے لیے انتخابات کا عمل ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں میں بھی جاری ہے۔ جموں میں کانگریس دفتر میں پارٹی کے صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ میں کافی گہما گہمی دیکھنے کو مل رہی ہے، ریاستی کانگریس لیڈران و کارکنان اپنا حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔ بتا دیں کہ نئے صدر کے انتخاب کے لیے کانگریس کے سینیئر لیڈر ملکارجن کھرگے اور ششی تھرور کے مابین مقابلہ ہے۔ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو دارالحکومت دہلی میں ہوگا۔ Congress Members Vote in Jammu
جموں سمیت ملک بھر کی ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز میں کانگریس کارکنان اپنے پارٹی دفتر پر آکر ووٹ کا استعمال کر رہے ہیں۔ سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم، جے رام رمیش اور پارٹی کے دیگر لیڈروں نے دہلی میں اے آئی سی سی کے دفتر میں اپنا ووٹ ڈالا۔ کانگریس کے صدارتی امیدوار ملکارجن کھرگے نے بنگلورو میں اپنا ووٹ ڈالا۔ وہیں سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی نے صبح 11 بجے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ووٹ ڈالا۔ اس موقع پر سونیا گاندھی نے کہا: ’’میں کافی عرصے سے اس کا انتظار کر رہی تھی، آج وہ تاریخی دن آ گیا۔‘‘ Congress Presidential Election voting at Jammu cong office
جموں میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد کانگریس کے ریاستی ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے انتخابات ’’تاریخی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا: ’’یہ صرف کانگریس ہی نہیں بلکہ ملک بھر کے لیے فخر کی بات ہے کہ قریب 150سال قدیم پارٹی کے صدر کے لیے شفاف طرز پر انتخاب عمل میں لائے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے نام لیے بغیر بھارتیہ جنتا پارٹی کی تنقید کرتے ہوئے کہا: ’’کانگریس صدارتی امیدوار کا انتخاب بند کمرے میں نہیں بلکہ ووٹنگ کے ذریعے کھلے عام اور جمہوری طرز پر انجام دیا جا رہا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Congress Presidential Election کانگریس کے نئے صدر کیلئے ووٹنگ شروع، راہل گاندھی نے بلاری میں اپنا ووٹ ڈالا