جموں: جی ٹوئنٹی ممالک سے تعلق رکھنے والے مندوبین کا قافلہ تاریخی سہہ روزہ جی ٹوئنٹی سربرائی اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے پیر کی صبح سرینگر پہنچا۔سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مندوبین کا کشمیری کے روایتی انداز میں شاندار استقبال کیا گیا۔بعد ازاں بین الاقوامی مندوبین کا قافلہ سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ سیدھے شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر اور زبرون پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) پہنچا جہاں جی ٹوئنٹی سربراہی اجلاس منعقد ہوا۔
وہیں جموں میں آج شیو سینا ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنان نے پارٹی صدر اشوک گپتا کی صدارت میں جموں رانی پارک میں جمع ہوکر جی ٹوئنٹی مندوبین کے کشمیر پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ڈوگرہ فرنٹ کے کارکنوں نے ڈھول بجاکر خوشی کا اظہار کیا۔اس دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈوگرہ فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے کہا کہ آج جموں کشمیر کے لئے فخر اور خوشی کا دن ہیں کہ جموں کشمیر میں بین الاقوامی سطح کی میٹنگ منعقد ہورہی ہے۔
انہوں نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے اشارے پر ناچتی ہیں تبھی وہ جی ٹوئنٹی میٹنگ کی مخالفت کر رہی ہیں
وادی کشمیر میں منعقد ہونے والے اس سہہ روزہ اجلاس کی نگرانی کے لئے تین درجے کی سیکورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے اور مقام اجلاس کے گرد وپیش نیشنل سیکورٹی گارڈز (این ایس جی) اور مارکوس کماننڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ فضائی نگرانی کے لئے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں پانچ اہم ترجیحی شعبوں یعنی گرین ٹورازم، ڈیجیٹلائزیشن، ہنر، این ایس ایم ایز اور دسٹینیشن منیجمنٹ پر بات و چیت و تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مندوبین جھیل ڈل کے کناروں پر واقع مشہور مغل باغات کا بھی دورہ کریں گے۔
مزید پڑھیں: Kashmir G 20 Summit: جی ٹوئنٹی مندوبین کا پہلا قافلہ سرینگر پہنچا
سہہ روزہ دورے کے دوران دیگر مصروفیات کے علاوہ مندوبین سری نگر میں گورنمنٹ آرٹ ایمپوریم کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ دستکاروں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور اس موقع دستکار اپنے ہنر کا مظاہرہ بھی کریں گے۔مندوبین کا قافلہ پولو ویو مارکیٹ کا بھی دورہ کرے گا جہاں وہ مقامی تاجروں کے ساتھ گفت و شنید کریں گے۔