سخت گیر موقف رکھنے والے بجرنگ دل کے کارکن پریس کلب جموں میں جمع ہوئے اور شراب نوشی بند کرو،شراب کی دکان کو بند کرو کے نعرے لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جموں میں شراب کی دکان کو فوری طور بند کیا جائے۔
احتجاج میں شامل بجرنگ دل جموں کشمیر کے صدر نے بتایا کہ شراب تمام برائیوں کی جڑ ہے لہذا اس کی خرید و فروخت پر پابندی لگائی جانی چاہئے۔ بجرنگ تنظیم کے ایک کارکن نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں مندروں کے نام سے مشہور ہے لیکن انتظامیہ اب اس شہر کو شراب کے اڈے میں تبدیل کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں کے نوجوانوں کو نشیلی چیزوں طرف دکھیلا جا رہا ہے، جو قطعی ہم ہونے نہیں دیں گے۔ یہاں کے مندروں کے ہر دس میٹر کے دائرے میں شراب کی دکانیں کھولی گئی ہیں۔ اس کی وجہ سے عقیدے کو ٹھیس پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سے ہم کہنا چاہتے ہیں کہ ہم یہاں ایک بھی دکان کھولنے نہیں دیں گے۔ یہاں کے لوگ چاہتے ہیں کہ جموں شہر نشہ سے پاک ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہندو اکثریتی جموں میں شراب کی خرید و فروخت پر پابندی لگانے کا لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔