جموں کے نروال اور بھٹنڈی علاقے میں پناہ لینے والے روہنگیا مسلمانوں کو کل جموں کے مولانا آزاد کرکٹ اسٹیڈیم میں گاڑیوں میں بھر کر لایا گیا تھا جس کے بعد سے ان میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
سرکار کے مطابق گذشتہ کل شام 155 روہنگیا مسلمانوں کو ہولڈنگ سنٹر منتقل کیا گیا۔ وہیں، خاندان کے ساتھ رہنے والوں کو ان کے پناہ گزین کیمپوں میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔
ای ٹی وی بہارت کے نمائندے نے اس ضمن میں آج نروال میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا اور چند روہنگیا مسلمانوں سے بات چیت کی۔
انہوں نے بتایا کہ 'ہمیں پولیس کی طرف سے بلایا گیا تھا۔ ہمارے کاغذات کی جانچ کی گئی اور پھر کہا گیا کہ جو لوگ تنہا آئے ہیں وہ ایک طرف قطار میں کھڑے ہو جائیں'۔
پناہ گزینوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ وہ پناہ گزینوں کو جموں میں رہنے کی اجازت دے اور ان 155 افراد کو رہا کیا جائے جن کو کل کٹھواہ کے ہولڈنگ سنٹر میں منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جموں: روہنگیا پناہ گزینوں کا ویریفکیشن شروع، کئی روہنگیا ہولڈنگ سنٹر منتقل
سرکاری عہدیداروں کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کو ایک جگہ پر جمع کرنے کا مقصد ویریفیکیشن کرنا ہے، تاکہ ہر روہنگیا پناہ گزیں کی تفصیلات انتظامیہ کے پاس موجود ہو۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جن 155 روہنگیا پناہ گزینوں کو ہولڈنگ سنٹر میں بھیجا گیا ہے ان لوگوں کے پاس بھارت میں سفر کرنے کے قانونی دستاویز نہیں ہیں۔ انتظامیہ نے یہ بھی بتایا کہ جن لوگوں کے پاس دستاویز نہیں ہیں ان کی شناخت کی جارہی ہے۔ ان کو ہولڈنگ سنٹر بھیجنے کے بعد ان کی شہریت کا ویریفیکیشن کیا جائے گا۔ شہریت کے ویریفیکیشن کے بعد غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کردیا جائے گا۔