جموں : جموں و کشمیر پولیس نے ہفتہ کو ’’وارس پنجاب دے‘‘ کے سربراہ امرت پال سنگھ کے ایک اور مبینہ ساتھی کو صوبہ جموں کے ار ایس پورہ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جموں پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر ایک حکمت عملی کے تحت امریک سنگھ نامی ایک شخص کو آر ایس پورہ سے گرفتار کیا ہے، امریک سنگھ پر امرت پال سنگھ کا قریبی ساتھی ہونے کا الزام ہے۔
یاد رہے کہ انتہا پسندی اور ملک مخالف سوچ رکھنے کے جرم میں امرت پال سنگھ پر کئی مقدمات درج کئے گئے ہیں اور پورے ملک میں پولیس اس کو ڈھونڈ رہی ہے۔ امرت پال سنگھ اس وقت فرار ہوا جب پنجاب پولیس نے ایک بڑے کریک ڈاؤن میں اس کے متعدد حامیوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کریک ڈاؤن امرتسر کے قریب اجنالہ پولیس سٹیشن پر دن دہاڑے دھاوا بولنے کے ہفتوں بعد شروع ہوا تھا۔
اجنالہ پولیس اسٹیشن پر اس وجہ سے حملہ کیا گیا تھا تاکہ امرت پال کے ایک ساتھی، جو اجنالہ پولیس اسٹیشن میں قید تھے، کی رہائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پولیس اسٹیشن پر حملہ نے ’’خالصتانی عسکریت پسندی کی واپسی‘‘ کے امکانات اور انتہا پسند سوچ کو فروغ ملنے کے امکانات پیدا کر دیے تھے جس کے بعد پنجاب پولیس نے بڑے پیمانے پر امرت پال سنگھ کے حامیوں کو حراست میں لینا شروع کر دیا تاہم، پنجاب پولیس کے مطابق، امرت پال سنگھ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
مزید پڑھیں: Amritpal Singh Case: اب تک 114 گرفتار، امرت پال کی تلاش جاری: پنجاب پولیس
پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ کہ امرت پال سنگھ کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ امرت پال کے خلاف ایک لک آؤٹ سرکیولر اور غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس دیگر ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام خطوں کی پولیس اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیز کے رابطے میں ہیں اور پنجاب سمیت کئی ریاستوں میں کارروائیاں جاری ہیں۔ اس حوالہ سے ہفتہ کی صبح صوبہ جموں سے امرت پال سنگھ کے ایک قریبی ساتھی کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔