جموں (جموں و کشمیر) : موسلا دھار بارش کی وجہ سے پہاڑی ضلع رام بن میں سرینگر جموں شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گر آنے سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوئی ہے جبکہ گزشتہ روز سے ہی خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر یاترا دوسرے روز بھی معطل رہی۔ ادھر، بھگوتی نگر جموں کے بیس کیمپ سے کشمیر کی جانب کسی بھی یاتری کو روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی یاتری کی نئی رجسٹریشن کی گئی۔ رجسٹریشن کاؤنٹر آج دن کے لئے بند رہے جس وجہ سے بھگوتی نگر یاترا نواس میں یاتریوں کا رش بڑھ گیا اور حکام نے یاتریوں کو گاڑیوں میں بھر کر دوسرے مقامات پر منتقل کیا گیا۔
موجودہ موسمی حالات کی وجہ سے امرناتھ یاتریوں کے کسی بھی گروپ کو پوتر گپھا کی جانب روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ جموں سے بھی کسی یاتری کو کشمیر کی جانب روانہ ہونے کی اجزات نہیں دی گئی۔ بھگوتی نگر بیس کیمپ میں مقیم یاتریوں کی تعدد میں اضافے کے پیش نظر حکام نے یاتریوں کو دیگر مقامات میں ٹھہرایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یاتریوں کی خدمت کے لیے انتظامیہ وعدہ بند ہے اور گنجائش سے زائد یاتریوں کو بھگوتی نگر بیس کیمپ سے دیگر یاتری نواسوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ بعض یاتریوں کو چندر کوٹ یاتری نواس اور دیگر قیام گاہوں میں یا شاہراہ پر قائم کمیونٹی کچن میں رکھا گیا ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: Amarnath Yatra Suspended خراب موسم کے باعث دوسرے دن بھی امرناتھ یاترا معطل
ادھر، محکمہ موسمیات نے ہفتہ اور اتوار کو جموں و کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے موسم میں بہتری کے بعد یاتریوں کو جموں سے کشمیر کی جانب روانہ کیا جائے گا جبکہ کشمیر میں مقیم یاتریوں - جنہوں نے اب تک شیو لنگم کے درشن نہیں کیے - کو بالتل اور پہلگام کے راستوں سے پوتر گپھا کی جانب روانہ ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس بال تل میں بادل پھٹنے کے بعد سیلابی ریلے کے سبب کئی یاتریوں، خادمین کی موت واقع ہوئی تھی۔