فشریز سائنس کے ڈگری یافتہ نوجوانوں نے جمعہ کے روز سری نگر کے پریس کالونی میں اپنے مطالبات کو لے کر احتجاج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس بھی اٹھا رکھے تھے اور وہ اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔
ان کا مطالبہ تھا کہ محکمے میں ان کی بھرتی کے لئے خالی اسامیوں کو جلد از جلد مشتہر کیا جانا چاہئے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم اس وقت زائد از تین سو فشریز سائنس کے ڈگری یافتہ نوجوان ہیں لیکن ہمارے روز گار کے لئے متعلقہ محکمہ میں خالی اسامیوں کو پر کرنے کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم میں سے آج تک پانچ یا چھ ڈگری یافتہ نوجوان بھرتی ہوئے ہیں جبکہ باقی بے روز گار ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ نے سال 2000 سے سال 2017 تک زائد از ڈیڑھ سو ملازموں کو ترقیاں دیں لیکن نئی اسامیوں کو مشتہر نہیں کیا گیا۔
موصوف نے کہا کہ ہم نے متعلقہ افسروں تک اپنی بات پہنچائی لیکن وہ گذشتہ آٹھ ماہ سے ٹال مٹول کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساف انصاف کیا جانا چاہئے اور خالی اسامیوں کو جلد از جلد مشتہر کیا جانا چاہئے۔