ذرائع کے مطابق کشمیر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر آج دونوں ممالک کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں کم از کم ایک خاتون کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔
ہلاک شدہ خاتون کی شناخت حمیدہ فاطمہ زوجہ ریاض حسین شاہ ساکن پنگلہ، ٹنگڈار کے طور ہوئی ہے۔
گزشتہ کئی روز سے جموں و کشمیر کے متعدد سرحدی علاقوں میں گولہ باری کے نتیجے میں کافی خوف وہراس پیدا ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کیرن سیکٹر میں بھی شدید گولہ باری شروع ہوئی ہے۔
تین روز قبل پاکستانی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں اسی سیکٹر کے ٹیٹوال علاقے میں دو فوجی اہلکاروں اور ایک شہری کی موت واقع ہوئی۔
بھارتی فوج نے اسی روز دعویٰ کیا کہ انہوں نے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کرکے متعدد فوجیوں اور عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ گولہ باری کے نتیجے میں ایک فوجی اور سات عام شہری ہلاک ہوگئے۔