کانگریس پارٹی نے آج مبینہ طور پر جموں و کشمیر میں پارٹی کے ترجمان رویندر شرما کی پریس کانفرنس کے دوران گرفتاری اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمد میر کو گھر پر نظربند کرنے کی مذمت کی۔
کانگریس پارٹی نے اپنے رہنما کی گرفتاری پر تنقید کرتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا جس میں مودی حکومت سے پارٹی کے رہنماؤں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
’یہ پاگل پن کب ختم ہوگا؟‘ شہید چوک پر واقع کانگریس کے صدر دفتر پر رویندر شرما پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے کہ پولیس نے انہیں یہ کہتے ہوئے حراست میں لے لیا کہ اعلیٰ عہدیدار بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔راہل گاندھی نے کہا کہ 'کانگریس کے رہنما کے خلاف بلا وجہ کارروائی، جمہوریت پر ضرب ہے۔'انہوں نے ٹویٹ میں اپنے لہجہ کو سخت کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ پاگل پن کب ختم ہوگا؟۔'سابق صدر نے کانگریس کے رہنماؤں کے خلاف کارروائی کی سخت مذمت کی اور کہا کہ 'قومی پارٹی کے ساتھ حکومت کا رویہ ٹھیک نہیں ہے۔'کانگریس نے الزام لگایا کہ 'مرکز کی مودی حکومت جمہوریت کے خلاف کام کر رہی ہے۔'