جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں متعدد افراد کو نامعلوم افراد کی جانب سے واٹس ایپ پر ویڈیو کالز موصول ہونے کی شکایت درج ہوئی ہیں۔
اننت ناگ کے رہنے والے چند افراد نے کہا کہ انہیں نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ پر ویڈیو کال کی گئی جس دوران انہیں فحش مواد دکھا کر بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔
اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر ایک شخص نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ “انہیں دو روز قبل کسی انجان نمبر سے واٹس ایپ پر ویڈیو کال موصول ہوئی جس کے بعد وہ حیران رہ گیا۔ کال کرنے والے نے ویڈیو کال پر انہیں فحش مواد دکھایا۔'
انہوں نے کہا کہ وہ اننت ناگ ضلع میں واحد فرد نہیں ہے جسے یہ فرضی کال موصول ہوئی ، کیونکہ متعدد افراد کو نامعلوم شخص کی طرف سے اس طرح کی کالیں موصول ہوئیں، جو کال ختم کرنے کے بعد لوگوں کو ہراساں کرتے ہیں۔
متاثرین کے مطابق نامعلوم کالر واٹس ایپ پر ویڈیو کال کر رہا ہے،جس دوران وہ فحش مواد دکھانا شروع کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کال موصول ہونے پر کال کرنے والا اپنا چہرہ چھپا رہا ہے ،فون کال کاٹنے کے بعد کال کرنے والا نا معلوم شخص فحش تصاویر کا اسکرین شاٹ نکال کر انہیں ویٹس ایپ پر روانہ کرکے بلیک میل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔اور پیسے نہ بھیجنے کی صورت میں تصاویر کو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کی دھمکی دیتا ہے۔
سائبر کرائم کے ایک عہدیدار نے ای ٹی وی بھارت سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو پریشان کرنے اور انہیں بلیک میل کرنے کے لئے شرپسند عناصر ایسا کر رہے ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ واٹس ایپ پر نامعلوم نمبر کی ویڈیو کالز نہ اٹھائیں اور نمبر کو بلاک کرکے اس طرح کی کالز سے بچنے کی ہر ممکن کو شش کریں انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی کو یہ کالز موصول ہوں گی تو وہ تھانے میں جا کر نامعلوم نمبر کے خلاف شکایت درج کر سکتے ہیں۔