اننت ناگ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی - کورونا کی تباہ کاریوں ک
کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنے لپیٹ میں لے کر پریشان کیا ہے، اس مہلک وبا کے آگے ترقی یافتہ ممالک بھی بے بس نظر آرہے ہیں۔
اننت ناگ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی
کورونا وائرس کی تباہی کو روکنے کے لئے دنیا بھر کے تقریباً تمام ممالک اس کا مستقل علاج کی کھوج میں لگے ہیں، وہیں حکومت جموں و کشمیر بھی کورونا کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
اس کے باوجود حکومت کورونا وائرس کو قابو کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ ضلع اننت ناگ میں کورونا وائرس کا پہلا مثبت معاملہ شانگس نوگام علاقہ میں چودہ اپریل کو سامنے آیا تھا، جس کے فوراً بعد مذکورہ علاقے کے کچھ جگہوں کو ریڈزون اور کچھ علاقوں کو بفر زون قرار دے کر سیل کر دیا گیا، جن میں شانگس، نوگام، پشرو، کٹھیر، کللو، سومبرنہ، تیلون اور ایسسو، ریڈ زون میں شامل ہیں۔
وہیں جوگی گنڈ، ونگام، ماگرے پورہ، کنگن حال، طورو اور کواری گام کو بفر زون قرار دیا گیا، تاکہ اس وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
تاہم مذکورہ علاقہ جات میں کورونا وائرس کے مریضوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے، جس کی وجہ سے علاقہ میں صرف ایک ماہ کے اندر تعداد بڑھ کر پچاس تک پہنچ گئی۔
اگرچہ سرکاری حکمنامے اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت ریڈ زون علاقہ میں سخت بندشیں عائد کرنا لازم ملزوم ہے، تاکہ لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کیا جائے۔
تاہم ای ٹی وی بھارت نے جب مذکورہ علاقہ کا جائزہ لیا تو وہاں پر سرکاری حکمنامے کی کھلے عام دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔علاقہ میں دکانیں کھلی ہیں لوگ معمول کے مطابق روزمرہ کے کام کاج میں مصروف عمل ہیں۔ جس دوران سماجی دوری کو بھی عملایا نہیں جا رہا ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔
وہیں دوسری جانب انتظامیہ کو مقامی لوگوں کا تعاون حاصل نہیں ہے۔۔چند روز قبل شانگس علاقہ میں طبی عملہ کے ایک ٹیم پر بھی حملہ کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے طبی و ضلع انتظامیہ کے ملازمین علاقہ میں جانے کے دوران خوف محسوس کر رہے ہیں۔
دراصل شانگس علاقہ کے لوگ وبائی بیماری کو سنجیدگی نے نہیں لے رہی ہے، وہیں انتظامیہ بھی علاقہ میں مکمل لاک ڈاون کو عملانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ وہیں طبعی ماہرین نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ لازمی طور سماجی دوری اختیار کریںاور ماسکس و ہینڈ سینیٹیزر استعمال کریں۔
انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ علاقہ میں پابندیاں سخت کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، ورنہ مستقل میں ایسی لاپرواہی کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔