شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ - اوڑی ہائی وے کی حالت انتہائی خستہ ہے، سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڈھے اور اس میں جمع گندہ پانی راہگیروں کے لئے پریشانیوں کا باعث بن رہا ہے۔
اس ضمن میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ بارہمولہ - اوڑی قومی شاہراہ کی مرمت کا کام بیکن کے ذمے ہے۔ سچائی یہ ہے کہ گزشتہ 15 برسوں سے اس کی مرمت نہیں کرپائی ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں اور راہگیروں کو مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سڑکوں کے ٹوٹ پھوٹ جانے سے مقامی لوگوں سمیت راہگیروں کو سخت دشواریاں جھیلنی پڑ رہی ہیں۔ عام دنوں میں آمدورفت تو دشوار ہے ہی بارش کے دنوں میں یہاں سے گزرنا بھی محال ہے۔ مقامی لوگوں کی شکایات پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔ بیماروں، بزرگوں اور بچوں کو ہر دن مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندہ غلام رسول نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے ہماری نئی گاڑیاں بھی خراب ہو جاتی ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے اس کی بھرپائی بھی نہیں کی جاتی۔
وہیں ایک اور مقامی باشندہ باسط قریشی نے کہا کہ قومی شاہراہ تو ہے لیکن محض نام کی ہے جس کی مرمت ہوئے کئی سال گزر گئے ہیں۔ حکومت سے گزارش ہے کہ جلد از جلد قومی شاہراہ کی مرمت کرائی جائے۔