شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پولیس نے شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے دو معاون کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بانڈی پورہ میں عسکریت پسندوں کے دو معاون کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں کو پاپچن بانڈی پورہ پل کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتار شدہ معاون کی شناخت عابد وازہ اور شبیر احمد گجر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے اس معاملے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق ' عسکریت پسندوں کے ساتھیوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس نے 14 آر آر اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر پاپچن بانڈی پور پل کے قریب ایک مشترکہ ناکہ لگایا۔ چیکنگ کے دوران دو مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا لیکن انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں گرفتار کیا گیا اور تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے دو زندہ دستی بم برآمد کیے گئے۔
بیان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف ہوا کہ ملزم شدت پسند تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ہیں اور وہ علاقے میں لشکر کے سرگرم عسکریت پسندوں کو پناہ ، رسد اور دیگر مدد فراہم کررہے تھے اور انہیں بانڈی پورہ میں سکیورٹی فورسز پر گرینیڈ حملہ کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔