جنوبی کشمیر کے سب ڈسٹرکٹ ترال کے بالائی علاقوں سے آئے ہوئے سینکڑوں افراد نے آج پی ڈی ڈی ڈویژن کے نزدیک ترال ستورہ سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے زبردست نعرے بازی کی اور محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین کے بقول وہ ترال کے بالائی علاقوں، جن میں نارستان، زوستان، حاجن، شاجن، بنگہ ڈار، گترو اور دیگر دیہات شامل ہیں ۔ بجلی فیس میں اضافہ کو لیکر احتجاج کر رہے ہیں کیونکہ محکمہ نے بجلی فیس میں حد درجہ اضافہ کیا ہے۔
ان کے بقول اس سے قبل وہ 108 روپے ماہانہ کے حساب سے بجلی فیس ادا کرتے تھے لیکن اب محکمہ برقی نے 370 روپے فی ماہ مقرر کیا ہے جو یہ ادا نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کچے کوٹھوں میں رہایش پزیر ہیں اور کافی قلیل بجلی استعمال کرتے ہیں۔
احتجاج کی وجہ سے ترال ستورہ سڑک پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کی نقل و حمل مسدود ہوئی جسکی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
بعدازاں انتظامیہ کے اعلی عہدیدار جائے موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات پر غور کیا جائے گا جسکے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوئے۔