دور حاضر میں انٹرنیٹ کا استعمال عام ہے، ایسے میں ہر ضرورت مند شخص اپنی ضرورت کے مطابق انٹرنیٹ کا استعمال کر رہا ہے جس میں سماج کے ہر طبقے سے وابستہ شخص انٹرنیٹ کے عام استعمال کا عادی بن چکا ہے۔
تاہم اگست کی پانچ تاریخ سے وادی میں انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے انٹرنیٹ کا بتدریج استعمال کرنے والے لوگ خاص کر نوجوان ذہنی کوفت کا شکار ہوئے ہیں۔
ضلع اننت نات سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوانوں نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کہ فون سروس پر عائد پابندی کو ہٹا کر گر چہ وائس کالنگ شروع ہونے سے انہیں کچھ حد تک راحت ضرور ملی ہے تاہم دور جدید میں انٹرنیٹ کا ہونا لازم و ملزوم سمجھا جاتا ہے۔
موجودہ حالات کے دوران نوجوان اپنے موبائل فونز پر گیمز کھیلنے اور ایک دوسرے کو آف لائن ویڈیوز منتقل کرنے میں مشغول رہتے ہیں۔
نوجوان دکانوں، نکڑوں اور گلی کوچوں میں ایک دوسرے سے فلموں و من پسند ڈراموں کی مانگ کرتے نظر آرہے ہیں۔ جس سے شیئر اِٹ ایپلکیشن کی ضرورت اور اس کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔
نوجوان وقت گزاری کے لیے آف لائن ویڈیوز دیکھ لیتے ہیں، مانا جا رہا ہے کہ حالات کے چلتے ذہنی تناؤ و دیگر پریشانیوں سے بچنے کے لیے لوگ اس طرح کے عمل سے خود کو مشغول رکھتے ہیں۔
اس ضمن میں لوگوں نے انتطامیہ سے انٹرنیٹ خدمات کو بحال کرنے کی پُر زور اپیل کی ہے۔