علیٰحدگی پسند رہنما شبیر شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ کے خلاف ای ڈی کی جانب سے منی لانڈرنگ معاملہ میں دائر کی گئی عرضی پر پٹیالہ ہاوس کورٹ نے نوٹس لیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا نے بلقیس شاہ کو 9 جون کو کورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔
دسمبر 2020 میں ای ڈی کی جانب سے ایک چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ ای ڈی نے اس چارج شیٹ میں شبیر شاہ کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس شاہ پر الزام عائد کیا تھا۔
ممنی لانڈرنگ معاملہ میں ای ڈی نے اپنی پہلی چارج شیٹ میں شبیر شاہ کے علاوہ حوالہ ڈیلر محمد اسلم وانی کو ملزم بنایا تھا۔ چارج شیٹ کے مطابق ڈاکٹر بلقیس شاہ نے اسلم وانی سے تین کروڑ روپیہ لینے کی بات تسلیم کی ہے۔ چارج شیٹ میں ڈاکٹر بلقیس پر شبیر شاہ کی مدد کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر بلقیس نے سال 2013 کے بعد کئی انکم ٹیکس ریٹرن داخل نہیں کیا ہے، کیونکہ ان کے پاس اپنی نجی پریکٹس اور تنخواہ کے علاوہ کو ئی دوسری ذرائع آمدنی نہیں تھی۔
شبیر شاہ فی الحال دو معاملوں کے تحت جیل میں بند ہیں۔ ان دو معاملوں میں ایک معاملہ ٹیرر فنڈنگ کا ہے۔ جب کہ دوسرا معاملہ منی لانڈرنگ کا ہے۔ شبیر شاہ کے خلاف 2005 کے منی لانڈرنگ کیس کے تحت 2007 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شبیر شاہ کو 25 جولائی 2017 میں ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔
جانچ کے بعد این آئی اے نے پانچ ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔ این آئی اے نے جون 2019 میں شبیر شاہ کو گرفتار کیا تھا۔ این آئی نے جن ملزمین کو گرفتار کیا تھا ان میں یاسین ملک، آسیہ اندرابی، مسرت عالم، انجینئر رشید اور شبیر احمد شاہ شامل ہیں۔
ان ملزمین پر لوگوں کو احتجاج کے لیے آمادہ کرنے، سنگ باری اور عسکریت پسندوں کو حملوں کے لیے ٹیرر فنڈنگ میں ایک دوسرے کی مدد کرنے اور انتظامیہ کے خلاف لوگوں کو بھڑکانے کا الزام ہے۔