جموں وکشمیر بالخصوص وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں جنگجوئوں کی سرگرمیوں پر روک لگانے کے لئے تلاشیوں اور گشت کا سلسلہ گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے جبکہ ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لئے فوجی اہلکاروں کو الرٹ حالت میں رکھا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے دونوں دارالحکومتوں میں ہونے والی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح یونین ٹریٹری آف لداخ کے دونوں اضلاع لیہہ اور کرگل میں سیکورٹی سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔
سرمائی دارالحکومت جموں جہاں مولانا آزاد اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے، کے ارد گرد سخت سیکورٹی پہرہ بٹھایا گیا ہے۔
سینئر سپرینٹنڈنٹ آف پولیس سیکورٹی جموں اشوک کمار شرما نے ایک پبلک نوٹس میں ایم اے اسٹیڈیم میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں حصہ لینے کے خواہاں لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیل فون، کیمرہ، ہتھیار یا گولہ بارود، تیز دھار والے ہتھیار، ہینڈ بیگس اور دیگر چیزیں ساتھ لیکر نہ آئیں۔
اسی طرح گرمائی دارالحکومت سری نگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم جہاں امکانی طور پر گورنر کے مشیر فاروق خان پرچم کشائی کی رسم انجام دیں گے، کو بھی سخت سیکورٹی کے حصار میں رکھا گیا ہے۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جس نے جمعرات کی صبح شیر کشمیر اسٹیڈیم کا دورہ کیا، نے ٹی آر سی سے اسٹیڈیم کی طرف جانے والی سڑک کو بند پایا۔ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ سڑک کو اسٹیڈیم کے اندر جاری پریڈ کی مشق کے پیش نظر بند رکھا گیا ہے۔
دریں اثنا شہر میں ناخوشگوار واقعات کو ٹالنے کے لئے جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں نہ صرف ہر آنے جانے والی گاڑی بالخصوص دوپہیہ گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی ہے، بلکہ ان میں سوار افراد کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ ان سے پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔
ریاستی پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ وادی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقریبات کے احسن انعقاد کے لئے سری نگر سمیت وادی کے تمام اضلاع میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔
صوبہ جموں میں تعینات ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: 'سیکورٹی کو ہر سال 26 جنوری کے موقع پر ہائی الرٹ پر رکھا جاتا ہے۔ تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام درکار اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ایم اے اسٹیڈیم اور اس کے نزدیکی علاقوں میں تلاشیوں کا سلسلہ گزشتہ قریب ایک ہفتے سے جاری ہے۔ مشتبہ نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے'۔
ادھر سری نگر اور وادی کے دوسرے اضلاع میں راہگیروں کی جامہ تلاشیوں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے شیر کشمیر اسٹیڈیم کے گردونواح میں ریاستی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ اسٹیدیم کے قریب واقع تمام اونچی عمارتوں بالخصوص سلیمان ٹینگ پر ماہر نشانہ بازوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹیڈیم کے باب الداخلہ کو بھی خاردار تار سے بند رکھا گیا ہے اور صرف سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو اندر جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ اسٹیڈیم کے گردونواح میں کئی ایک حساس مقامات پر مشتبہ افراد کی نقل وحرکت پر قریبی نگاہ رکھنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کردی گئی ہیں۔
سیکورٹی فورس اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں نے یوم جمہوریہ کی تقریب سے قبل جنگجوﺅں کے کسی بھی حملے کو ناکام بنانے کے لئے اسٹیڈیم کے تین کلو میٹر کے دائرے میں آنے والے علاقوں بالخصوص ڈل گیٹ اور سونہ وار میں شبانہ گشت بھی تیز کردی ہے۔
سری نگر میں یوم جمہوریہ کی تقریب ایئرپورٹ روڑ پر واقع بخشی اسٹیڈیم میں منعقد کی جاتی تھی تاہم وہاں مرمت کا کام جاری ہونے کی وجہ سے اس تقریب کو امسال بھی شیر کشمیر اسٹیڈیم میں منعقد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے وادی کے اطراف واکناف بالخصوص مختلف اضلاع کو گرمائی دارالحکومت کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے خصوصی ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔