سرینگر (جموں و کشمیر): مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے سرینگر کے ایس ایس پی راکیش بلوال کو منی پور میں تبادلہ کرنے کے سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ حکومت ہند کی جانب سے راکیش بلوال کے تبادلے کے سلسلے میں اہم نوٹیفیکیشنن جاری کیا گیا ہے۔ بلوال 2012 میں آئی پی ایس افسر بنے تھے اور اُن کو منی پور کیڈر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق بھارت سرکار کے ڈپٹی سیکرٹری ندھی سریوستوا کی جانب سے جاری کردہ ٹرانسفر نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایس راکیش بلوال کو اے جی ایم یو ٹی سے منی پور کیڈر میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ وزارت داخلہ کی ایک تجویز کے پیش نظر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بلوال نے سنہ 2021 کے دسمبر مہینے میں سرینگر کے ایس ایس پی کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اس سے قبل وہ ڈیپوٹیشن پر این آئی اے میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پلوامہ حملے کی تحقیقات کی سربراہی کی، جس میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے 40 جوان 2019 میں ہلاک ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Jammu Youth Conclave جموں میں دو روزہ یوتھ کنکلیو کا اہتمام
راکیش بلوال نے پلوامہ حملے میں جیش محمد کے ملوث ہونے کی جانچ کے لیے امریکی انٹیلی جنس ایجنسی، فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ساتھ بھی کام کیا۔ پلوامہ حملے پر جموں و کشمیر کی ایک خصوصی عدالت میں داخل کی گئی 13,500 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کو تیار کرنے میں بلوال کا بڑا اہم رول رہا ہے۔