مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع رامبن کی سب ڈویژن گول علاقے کے گگرہ میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے رہائشیوں کو پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔
دراصل علاقہ گگرہ کے گاؤں شیخ محلہ، چندیل محلہ اور گت محلہ کے قریب 1500 سے زائد آبادی والے علاقے میں محکمہ جل شکتی نے دہائیوں قبل پانی کی پائپ نصب کی تھی، جو اب بوسیدہ ہوچکی ہیں اور جگہ جگہ پانی لیک ہوتا رہتا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 'متعلقہ حکام اس مسئلے کو حل کرنے میں کوئی توجہ نہیں دیتے ہیں۔'
لوگوں نے بتایا کہ 'خواتین میلوں دور سے ندیوں اور چشموں سے پانی لانے پر مجبور ہیں۔'
مقامی لوگوں نے بتایا کہ 'انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سب ڈویژن گول سے بار بار شکایت کی ہے کہ انہیں پانی کی فراہمی نہیں کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے انہیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان علاقوں میں واٹر سپلائی سسٹم پوری طرح ناکام ثابت ہو رہا ہے۔'
مقامی باشندوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرائیں تاکہ لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم ہو سکے۔