ترال: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں واقع محکمہ شیپ ہسبینڈری کی جانب سے ترال کے مختلف دہیات میں آٹھ مستحقین میں یونٹ تقسیم کیے گئے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ شیپ ہیسبنڈری آفیسر پلوامہ ڈاکٹر محمد اشرف کی قیادت میں ملازمین نے ترال کے پنگلش، سیموہ، ناگہ واڈی، گجر بستی سیموہ اور دیگر کئی دیہات میں مستحقین میں بھیڑ یونٹس، تقسیم کیے تاکہ بھیڑ پروری کی صنعت کو فروغ دینے کے علاوہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
اس موقعے پر مستحقین نے محکمہ شیپ کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے ان کے اہل و عیال کے لیے روزگار کے وسائل پیدا ہوں گے کیونکہ وہ خط افلاس سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ ایسے اقدامات غریب عوام کے لیے امید کی ایک کرن بن کے سامنے آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Muslim Artisans Make Idols In Jammu جموں میں مسلم کاریگر ہندوں کے ساتھ مل کر مورتیاں بنانے میں مصروف
ڈسٹرکٹ شیپ ہیسبنڈری آفیسر پلوامہ ڈاکٹر محمد اشرف نے میڈیا کو بتایا کہ امسال ضلع پلوامہ کے لیے 143 یونٹ منظور ہو گئے ہیں جن میں اب تک ہم نے پچاس فیصد یونٹس تقسیم کیے ہیں اور دیگر بھی مستحقین کو فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ بھیڑ پروری صنعت کی طرف لوگوں کا رجحان بڑھ رہا ہے اور ان کی کوشش رہے گی کہ ضلع بھر میں اس حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں۔