جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس شرما کی جانب کورونا وبا سے عوام کے تحفظ کے لیے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔
اس تعلق سے گزشتہ روز ترقیاتی کمشنر وکاس شرما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وبا کے پیش نظر متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور لوگوں کو اس وبا سے تحفظ کے لیے آگاہ بھی کیا جارہا ہے۔
وہیں ڈی سی نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد 776 ہے جن کو گھروں میں آئیسولیٹ کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری لہر میں آٹھ اموات ریکارڈ کی گئی ہے۔
وکاس شرما نے بتایا کہ ضلع بھر میں کورونا کی جانچ تیز رفتاری سے کی جارہی ہے اس کے علاوہ ضلع کے تین مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر 100 فیصد ٹیسٹنگ کی جارہی ہے تاکہ مثبت مریضوں کا جلد از جلد پتہ لگایا جاسکے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ایل جی کی ہدایت پر ادویات کٹس کی تقسیم کی جارہی ہے اور ساتھ ہی ہیلپ لائن نمبر بھی تمام مریضوں کے ساتھ شیئر کیا گیا ہے۔
ڈی سی نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور ماسک، سنیٹائزر، سماجی دوری کا خاص خیال رکھیں تاکہ اس وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔