تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ اعظم آباد میں بھی بارش نے اپنا اثر دکھایا ہے۔ اعظم باد سے اتولی جانے والی پردھان منتری سڑک یوجنا کے تحت تعمیر کی جانے والی سڑک جگہ جگہ پر چٹانیں گرنے سے برباد ہوچکی ہیں جس سے کئی مکانوں کو خطرہ لاحق ہے۔
عبدالکبیر ولد لال دین کے مکان پر چٹان گرنے سے رہائشی دو منزلہ مکان پوری طرح منہدم ہونے کے قریب ہے۔ عبدالکبیر نے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'اعظم آباد سے اتولی جانے والی سڑک کا کام گزشتہ دس برسوں سے پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت جاری ہے لیکن اب بھی سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'نہ نالیاں ہیں اور نہ ہی ڈنگے ڈھنگ کے لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دو منزلہ مکان اس وقت بالکل گرنے کے قریب ہے اور ہم دو بھائیوں کا کنبہ دربدر ہو چکا ہے۔'
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'یہاں گزشتہ برسوں میں کئی بار پی ایم جی ایس وائی کے آفیسرز کے علاوہ تحصیل دار منڈی اور پولیس انتظامیہ نے بھی آکر یقین دہانی کروائی اور یہ وعدہ بھی کیا گیا کہ آپ کے مکانوں کا معاوضہ دیا جائے گا ٘لیکن آج تک کہیں بھی عمل ہوتا نظر نہیں آ رہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے دونوں کنبوں کے افراد خانہ سخت خطرے میں ہیں۔ کسی وقت بھی مکان گر سکتا ہے اور جانی نقصان ہو سکتا ہے۔ '
انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کی ہے کہ 'ان کے ساتھ آنصاف کا معاملہ کریں اور ان کی جو فائل 2017 میں مکمل کر کے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے دفتر میں موجود ہے۔ اس پر غور کر کے جلد از جلد معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کریں۔'