ٹاسک فورس کو مختلف محکموں کے سکریٹریز کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا جبکہ انہیں آتم نربھر بھارت اسکیم کو ریاست میں زمینی سطح پر نافذ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ٹاسک فورس میں دیگر محکموں کے سکریٹریز اور سربراہان بطور رکن شامل ہوں گے اور وہ کم وقت میں وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے مرتب کردہ ماڈل پر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جن ڈومین سے متعلق ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے ان میں کسان اور ماہی گیروں کی فلاح و بہبود، بینک و فینانس، قرض بحالی اور نمو، سرمایہ کاری کے ذریعہ صنعتوں کی بحالی و ترقی، بجلی کے شعبہ میں اصلاحات، ٹکنالوجی اور تعلیم کے معیار میں اضافہ، صحت و طب کے شعبہ میں بہتری، مہاجرین، بے سہارا و غریبوں کی ترقی اور فلاح و بہبود جیسے اہم امور شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو کی زیرصدارت ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں آتم نربھر بھارت مہم کے مختلف امور پر غور و خوص کیا گیا اور اس کی عمل آوری میں تیزی لانے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ متعدد اسکیموں پر مشتمل آتم نربھر بھارت مشن سے نہ صرف کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران پر قابو پایا جاسکے گا بلکہ اس سے جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کو خودمختار بننے میں مدد ملے گی۔
جی سی مرمو نے صحت و طب کے شعبہ کو ترجیح دیتے ہوئے کورونا کے بعد کے منظر نامہ پر توجہ دینے اور شعبہ میں انفراسٹرکچر کی بحالی پر زور دیا۔ انہوں نے خاص طور پر خطرناک علاقوں جیسے ہائی ویز اور سرحدی علاقوں میں صحت و طب کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے بجلی شعبہ میں اصلاحات کرتے ہوئے اخراجات کو پر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اعلی سطحی اجلاس میں لیبر اصلاحات، پیشہ وارانہ مہارت اور ریاست واپس آئے مزدوروں کو ملازمت فراہم کرنا، لیبر عدالتوں کا قیام، ٹکنالوجی سے متعلق نظام تعلیم میں فروغ، نصاب کی ترقی، آبپاشی نظام کو مضبوط بنانا، غذا وغیرہ جیسے امور پر بھی غور و خوص کیا گیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے تمام عہدیداروں پوری ہم آہنگی سے کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ کم وقت میں زیادہ بہتر نتائج برآمد ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وبائی مرض کی وجہ سے بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے جس سے مقابلہ کرنے کےلیے ہرسطح پر غیرمعمولی کوششیں کی جانی چاہئے۔