جموں و کشمیر کے ترال اور اونتی پورہ میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں انتظامیہ نے لاک ڈاؤن کو موثر بنانے کے لیے دونوں سب ڈویژنوں میں دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا ہے اس سلسلے میں آج ترال اور اونتی پورہ کے بازاروں میں پولیس کی جانب سے عوام کو لاک ڈاؤن کی پاسداری کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے اور لاوڈ اسپیکروں کے زریعے عوام کو سماجی دوری بنائے رکھنے اور ماسک استعمال کرنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں ایس ایچ او ترال جی ایم راتھر نے اس نمائندے کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں عوام کو اپنی اور دوسرے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے سرکاری لاک ڈاؤن کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے تاکہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں پر لگام کسی جا سکے۔ جی ایم راتھر کے مطابق ترال میں اب تک صورتحال زیادہ تشویشناک نہیں ہے لیکن جس طرح عوام بے احتیاطی کر رہی ہے وہ یقیناً خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کولگام میں تصادم، تین عسکریت پسند ہلاک
واضح رہے کہ اونتی پورہ اور ترال سب ڈویژنوں میں فی الوقت کورونا کے 85 کیسز موجود ہیں جبکہ راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک سینکڑوں افراد اس بیماری سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ تو وہیں آج ترال اور اونتی پورہ میں بازاریں ویران ہیں اور جمعہ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے تمام دکانیں بند رکھنے اور دفعہ 144 کو نافذ کیا ہے۔