مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے نوگام سیکٹر کے جنگلوں میں جمعرات کو شدت پسندوں کی دراندازی کی ناکام کوشش کے بعد سکیورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سرحدی ضلع کپواڑہ میں پاکستان کے قبضے والے کشمیر سے شدت پسندوں کی ناکام دراندازی کی کوشش کے بعد فوج اور شدت پسندوں کے درمیان ایل او سی پر گولہ باری کا تبادلہ ہوا تھا۔ شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی تھی جس کا بھارتی فوجیوں نےسخت جواب دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس علاقے میں دو سے تین شدت پسندوں کے چھپے ہونے کی خبر ہے اور ان کی دراندازی کو ناکام کرنے کے لیے وہاں اضافی سکیورٹی فورسز کو بھیجا گیا ہے۔