جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ضلع انتطامیہ کی ایک اہم پہل کے تحت آج گورنمنٹ ڈگری کالج شوپیان میں سیول سروسز کی مفت کوچنگ کی غرض سے ایک ٹیسٹ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تاکہ منتخب طلبا کی مفت کوچنگ کی جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر شوپیان چودھری محمد یاسین کی نگرانی میں ضلع انتظامیہ نے آئی اے ایس / کے اے ایس کے خواہشمند امیدواروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی حمایت کے لیے یہ اقدام شروع کیا ہے۔
مزید یہ کہ چار سو سے زائد امیدواروں نے ٹیسٹ کے لئے درخواستیں دی تھی جن کا آج اسکرینگ ٹیسٹ لیا گیا۔ یہ ٹیسٹ مکمل طور پر نئے یو پی ایس سی اور جے کے پی ایس سی کے ابتدائی امتحان پیٹرن (سی ایس اے ٹی) کی بنیاد پر لیا گیا۔
ٹیسٹ کا نتیجہ ڈسٹرکٹ این آئی سی شوپیان سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ ڈی سی آفس، ڈگری کالج شوپیان کے نوٹس بورڈ پر آویزاں ہوگا۔ ساتھ ہی ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کو بھی کلاسز کے آغاز کے بارے میں علیحدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ان امیدواروں کو چھ ماہ تک ائی اے ایس اور کے اے ایس کی مفت کوچنگ دی جائے گی۔ کوچنگ کلاسز ازخود ڈپٹی کمشنر شوپیان اور ضلع انتظامیہ کے دیگر سینئر افسران لیں گے۔