ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر، محمد یونس ملک نے کہا کہ 'اس سلسلے میں تمام انتظامات کیے گئے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'سرینگر کی میونسپل حدود میں آنے والے اسکولز کا وقت صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوگا جبکہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں صبح ساڑھے دس بجے سے ساڑھے تین بجے تک کا وقت رہے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'اسکولز کے نصاب کو بروقت مکمل کرنے کی کوششوں کو دگنا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'فیلڈ افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ اہداف کی بروقت تکمیل کے لیے تعلیمی منصوبہ سازی کی نگرانی کے لیے باقاعدگی سے اسکولوں کا دورہ کریں۔'
واضح رہے کہ گذشتہ برس 5 اگست کو مرکزی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد وادیٔ کشمیر میں مسلسل تمام تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں۔
اگرچہ انتظامیہ نے کئی بار وادیٔ کشمیر میں پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولز کو کھولنے کا اعلان کیا لیکن اسکولز میں ویرانی چھائی رہی۔ وادی کے بیشتر اسکولوں پر تالے لگے رہے اور طلبا اسکول نہیں آئے۔
موسم سرما آتے ہی انتظامیہ نے تعطیل کا اعلان کر دیا تھا جو اب 24 فروری کو ختم ہو جائے گی۔