بڈگام: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع بڈگام کے کھاف علاقے میں واقع ووجن بٹی پورہ گاؤں میں پینے کے پانی کی قلت پر مقامی باشندوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ناکہ بندی کردی اس سے آمدورفت پوری طرح سے ٹھپ پڑ گئی۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ چند دنوں سے انہیں پینے کا پانی نہیں مل رہا ہے۔ اس سے ہمیں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ خواتین سمیت سینکڑوں مقامی لوگوں نے علاقے میں پینے کا پانی فراہم کرنے میں ناکامی پر محکمہ پی ایچ ای کے خلاف زبردست احتجاج درج کیا۔ مظاہرین نے تقریباً ایک گھنٹے تک سڑک کو بلاک کیا اور حکام کی جانب سے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد ہی ناکہ بندی ختم کی۔
یہ بھی پڑھیں: Protest Against PMGSY بانہال منگت سڑک سے برف کی صفائی کا مطالبہ
وہیں مشتعل مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں گزشتہ کئی ماہ سے پینے کے پانی کی قلت ہے اور اس وقت یہ قلت مزید بڑھ گئی ہے چونکہ اب موسم سرما بھی آنے والا ہے۔ مظاہرے میں شامل خاتون نے کہا کہ ہم پچھلے کئی مہینوں سے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ اس معاملے کو اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لانے کے باوجود زمینی سطح پر ابھی تک کچھ نہیں بدلا ہے۔ اس سلسلے میں کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔